نئی دہلی، 19؍جولائی(ایس ا نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی حکومت نے 1984کے سکھ فسادات معاملات کی تحقیقات کے لیے قائم خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی)کی طرف سے مختلف ریاستوں میں1000سے زیادہ گواہوں سے پوچھ گچھ مکمل کر لینے کی معلومات دی ہیں۔راجیہ سبھامیں بدھ کووزیرداخلہ ہنس راج اہیرنے سکھ فسادات سے منسلک بند کر دیے مقدمات کی دوبارہ تحقیقات کے لیے قائم ایس آئی ٹی کی تفتیش مکمل ہونے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں کہاکہ 293مقدمات کی پڑتال کی جا چکی ہے۔ان میں سے60مقدمات کی تحقیقات دوبارہ شروع کی گئی ہیں۔تحقیقات کے لیے دوبارہ کھولے گئے60مقدمات میں سے 4میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہے جبکہ اگلے مراحل کی تحقیقات کے بعد51کیسز بندکر دیے گئے ہیں اورپانچ صورتوں میں مزید تحقیقات چل رہی ہیں۔